Breaking News
Home / اخبار / پاکستانی معروف عالم دین علامہ امین شہیدی کی مہر نیوز سے گفتگو؛ امام خمینی نے اپنے زمانے اور بعد میں آنے والے جوانوں میں عزم پیدا کیا

پاکستانی معروف عالم دین علامہ امین شہیدی کی مہر نیوز سے گفتگو؛ امام خمینی نے اپنے زمانے اور بعد میں آنے والے جوانوں میں عزم پیدا کیا

امت واحدہ پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ امام خمینی نے اپنے زمانے اور بعد میں آنے والے جوانوں میں عزم پیدا کیا۔ یہی عزم آج یمن، شام، عراق، کشمیر، نائجیریا، فلسطین اور لبنان میں جوانوں کو ہمت اور حوصلہ دلا رہا ہے کہ وہ خالی ہاتھ بھی اپنے زمانے کے مستکبرین کو چاروں شانے چت کرسکتے ہیں۔

پاکستانی معروف عالم دین اور سربراہ امت واحدہ پاکستان علامہ محمد امین شہیدی نے سے گفتگو میں کہا کہ  امام خمینی بزرگ فقیہ تھے۔ زمانے میں بہت سارے فقہاء گزرے ہیں جنہوں نے اپنا کردار ادا کیا اور دنیا سے چلے گئے لیکن کوئی بھی امام خمینی جیسا نہیں تھا۔ وہ صرف فقیہ تھے لیکن امام خمینی فقیہ کے علاوہ عارف بھی تھے۔ زمانے نے بہت سارے عرفاء کو دیکھا جنہوں نے اپنا کردار ادا کیا اور دنیا سے رخصت ہوگئے لیکن امام خمینی کی طرح کردار ادا نہ کرسکے پس امام خمینی ایک بے مثال عارف تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی صرف عارف نہیں تھے بلکہ علم اصول کے بھی بہت بڑے عالم تھے۔ علم اصول میں ان کے دروس اور تالیفات بے شمار ہیں۔ فقہ اور عرفان کی طرح ان کی علم اصول میں بھی تالیفات مشہور ہیں۔ امام خمینؒی نے علم اصول میں علمی مراتب طے کرکے مجتہد بننے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ عالمی اور اسلامی مخصوصا شیعہ معاشرے میں اہم کردار ادا کیا پس وہ صرف علم اصول کے عالم نہ تھے بلکہ مجتہد تھے۔

امام خمینی نے انقلاب کے ذریعے ایرانی قوم کو قید سے رہائی دلائی

سربراہ امت واحدہ نے کہا کہ علم کلام، فلسفہ اور دوسرے علوم میں متعدد علماء اور بڑی شخصیات گزری ہیں لیکن کوئی بھی امام خمینی کے برابر مقام نہیں رکھتا ہے۔ وہ راہ خدا کے مجاہد تھے۔ قرآن اور پیغمبر واہل بیت کی سیرت کے بارے میں دقیق اور گہری معرفت رکھتے تھے یہ خصوصیت امام خمینی کی مخصوص خصوصیت تھی۔ انہوں نے سیاست کو علم، تقوی، پرہیزگاری، عرفان و تصوف اور تزکیہ نفس سے جوڑدیا اسی طرح علوم کو سیاست سے اس طرح وابستہ کیا کہ انسان کی نجات کے لئے ان کو ایک کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی نے انقلاب کے ذریعے ایرانی قوم کو قید سے رہائی دلائی۔ اس انقلاب کی بنیادوں کو نسلوں تک منتقل کیا اور دنیا کے سامنے فکر پیش کیا جس نے عالمی توجہ اپنی طرف مرکوز کردی کہ اللہ کا دین بشریت کی خاطر ہے۔ یہی دین انسانی ضرورتوں کو پورا کرکے اس کو ذلت اور پستی سے نجات دلائے گا۔ اسلامی نظریہ ہی انسان کو نجات دلائے گا۔ امام خمینی نے لوگوں کو شناخت عطا کی اور مستضعفین کو یقین دلایا کہ وہ مستکبرین پر غلبہ پیدا کرسکتے ہیں۔ کمزور لوگوں کو سکھایا کہ کمزور نہیں رہنا چاہئے ورنہ مستکبرین ان کو پاوں تلے روند ڈالیں گے۔ انہوں نے اقوام کو بتلادیا کہ جب تک خود نہ بدلیں، آسمان سے کوئی آکر ان کو نہیں بدلے گا۔ امام خمینی نے بتادیا کہ ان کا پرچم شیعوں سے مخصوص نہیں ہے بلکہ عالمی مستضعفین کا پرچم ہے جو مستکبرین کے خلاف اٹھا ہے۔

پاکستانی معروف عالم دین نے کہا کہ امام خمینی نے اپنے زمانے اور بعد میں آنے والے جوانوں میں عزم پیدا کیا۔ یہی عزم آج یمن، شام، عراق، کشمیر، نائجیریا، فلسطین اور لبنان میں جوانوں کو ہمت اور حوصلہ دلا رہا ہے کہ وہ خالی ہاتھ بھی اپنے زمانے کے مستکبرین کو چاروں شانے چت کرسکتے ہیں اور اللہ کی مدد سے اپنے سے کئی گنا طاقتور ستمگروں کو شکست سے دوچار کرسکتے ہیں۔

معروف سیاسی اور دینی تجزیہ نگار کا کہنا تھا کہ امام خمینی نے سادہ اور عارفانہ زندگی کے ساتھ محلوں میں رہائش پذیر مستکبروں کی ناک زمین پر رگڑ دی اور ثابت کیا کہ سادہ زندگی گزارنا غربت کی علامت نہیں بلکہ ایک طاقت ہے اسی طرح عالی شان محل میں زندگی گزارنا طاقت نہیں بلکہ انسان کی کمزوری ہے۔ امام خمینی نے ایک جملے میں انسان کو عزت کے ساتھ جینا عزت کے ساتھ مرنا سکھایا۔ امام خمینی نے امام حسین علیہ السلام کی طرح جینا اور ان کی طرح شہید ہونے کا ہنر دنیا کو سکھادیا۔ اللہ تعالی خمینی بت شکن کو پیغمبر اکرم اور ان کی پاک اولاد کے ساتھ محشور فرمائے اور ہم سب کو ان کی شفاعت نصیب فرمائے۔

About خاکسار

Check Also

صہیونیت مخالف طلباء تحریک، نیویارک یونیورسٹی میں اساتذہ کی ہڑتال

نیویارک یونیورسٹی کے 120 سے زائد اساتذہ نے پولیس کے ہاتھوں طلباء پر تشدد کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے