Breaking News
Home / اخبار / رہبر انقلاب اسلامی : صنعتکاروں اور معاشی میدانوں میں کام کرنے والوں نے بعض میدانوں میں پابندیوں کو مواقع میں بدل دیا

رہبر انقلاب اسلامی : صنعتکاروں اور معاشی میدانوں میں کام کرنے والوں نے بعض میدانوں میں پابندیوں کو مواقع میں بدل دیا

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے منگل کی صبح ملک کے صنعتی و پیداواری شعبوں میں سرگرم تقریبا ایک ہزار افراد سے ملاقات ‏کی۔ انھوں نے بڑے معاشی اہداف کو عملی جامہ پہنانے میں نجی شعبے کی پوری طرح سے مؤثر گنجائش اور صلاحیتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، کام کاج اور کاروبار کے میدان کی رکاوٹوں کو دور کرنے میں حکومت کی حمایت اور پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے ذمہ داریاں قبول کیے جانے پر زور دیا اور انہیں ملک کے حالات کو بہتر بنانے اور بھرپور پیشرفت کی راہ ہموار کرنے والی دو بہت اہم ضرورتیں قرار دیا۔  

     

انھوں نے پیداواری شعبوں میں سرگرم 12 افراد کی باتیں سننے کے بعد، مینوفیکچررز کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبوں کو پورا کرنے کے لیے حکومت کو سنجیدگی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔
آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے، ملک کی پیداواری توانائیوں کی نمائش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، جس کا انھوں نے گزشتہ روز معائنہ کیا تھا، اس نمائش کو زبردست اشتیاق انگیز بتایا اور کہا کہ ہم اس نمائش کو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ملک کی طاقت کے ایک نمونے کے طور پر پیش کر سکتے ہیں۔
انھوں نے پابندیوں جیسے محدود کرنے والے بعض مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی رکاوٹوں کے باوجود پرائیویٹ سیکٹر کی کوشش اور پیشرفت، لوگوں کو پرامید کرتی ہے اور یہ سیکٹر، ایران کو ساتویں پنج سالہ ترقیاتی پروگرام کی مطلوبہ 8 فیصدی کی پیشرفت تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے جدت عمل کو کل کی نمائش اور آج کی نشست کی نمایاں خصوصیت بتایا اور کہا کہ جدت عمل، ماہر افرادی قوت کی عکاسی کرتی ہے اور ماہر افرادی قوت، ایک عظیم سرمائے کی حیثیت سے بڑے مسائل کے حل، دشوار راہوں کو طے کرنے اور ایران کے اوج پر پہنچنے کی راہ میں ایک قابل اطمینان سہارا ہوگی۔
انھوں نے حکومت اور معاشی کارکنوں میں ذمہ داری کے احساس کو، عوامی سرمائے کی گنجائش سے بھرپور طریقے سے استفادے کا لازمہ بتایا اور کہا کہ حکومت کی ذمہ داری عام طور پر کام کاج کی راہ میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنا اور اس کے ماحول کو بہتر بنانا ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت کی نگرانی، نجی شعبے کی حمایت کے عمل کو مکمل کرتی ہے اور اس نگرانی کو، جو مداخلت سے بالکل الگ ہے، بالکل بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے دنیا کی حکومتوں کی جانب سے اپنی بڑی کمپنیوں کی حمایت اور پشت پناہی کو ان کمپنیوں کی کامیابی کا ایک سبب بتایا اور کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو حکومت کی ایک ضروری مدد، برآمد اور غیر ملکی منڈیوں کا دائرہ بڑھانا ہے اور اس سلسلے میں معاشی ڈپلومیسی کو حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر کی مشترکہ محنت سے مضبوط بنایا جانا چاہیے۔
انھوں نے پابندیوں اور دشمنوں کے معاندانہ اقدامت جیسے باہری مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی باتیں یقینی طور پر نقصان پہنچانے والی ہیں اور ملک کے لیے مسائل پیدا کرتی ہیں لیکن ان ہی مسائل کو مواقع میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے جیسا کہ ہمارے جوانوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا اور آج ہم نے فوجی ہتھیاروں یا فضائی میدان میں اور ثریا سیٹلائٹ کی لانچنگ جیسی پیشرفت کی مانند زبردست سائنسی کارنامے انجام دیے ہیں اور اگر پابندیاں نہ ہوتیں تو آج ہم یہ کارنامے انجام نہ دے پاتے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے آخری حصے میں کہا کہ نجی شعبے میں صحیح مینیجمنٹ ہو اور اس کی صحیح طریقے سے حمایت کی جائے تو زبردست گنجائش، بے پناہ قدرتی ذخائر، ماہر افرادی قوت اور حکومت اور عوام کے درمیان اچھے روابط کے پیش نظر ایران کی بھرپور پیشرفت، ہر ایک کو نظر آنے والی ایک حقیقت میں تبدیل ہو جائے گی۔

صنعتکاروں اور معاشی میدانوں میں کام کرنے والوں نے بعض میدانوں میں پابندیوں کو مواقع میں بدل دیا

.

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیر کی صبح تہران کے حسینیۂ امام خمینی میں منعقدہ ملکی پروڈکشن کی توانائیوں کی نمائش کا معائنہ کیا۔

     

اس سال کی نمائش کی سب سے اہم خصوصیت نالج بیسڈ کمپنیوں اور پروڈکشن کی سپلائی چین کو مکمل کرنے والے ملکی پروڈکشن کو پیش کرنا تھا۔
اس نمائش میں توانائی، تیل اور پیٹروکیمیکل کی صنعت، موٹر گاڑیوں کی صنعت، معدنیات اور معدنیاتی اور دھاتوں کی صنعت، مواصلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے پروڈکشن، غذائی اشیاء اور زرعی پیداوار، میڈیکل آلات، دستکاری کی صنعت، فضائی، سمندری، ریلوے اور زمینی نقل و حمل، ہاؤسنگ اور گھریلو ساز و سامان کے میدانوں میں نالج بیسڈ کمپنیوں نے اپنی تازہ ترین مصنوعات کو پیش کیا تھا۔
تیل کے کنووں کی کھدائی کی صنعت، پیٹروکیمیکل کی صنعت اور کیمیائی صنعت میں کام آنے والے ساز و سامان کی ڈیزائننگ اور تیاری میں نالج بیسڈ کمپنیوں کی توانائیاں بھی اس نمائش کا ایک حصہ تھیں۔
بجلی اور بجلی گھروں کے میدان میں سرگرم نالج بیسڈ کمپنیوں نے بھی اس نمائش میں اپنی مصنوعات اور توانائیوں کا مظاہرہ کیا تھا۔
اس نمائش میں اسی طرح الیکٹرانک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں، ان کے چارجروں اور زیادہ مائلیج والے گاڑی کے انجنوں کو بھی پیش کیا گیا تھا۔
بڑی صنعتی کمپنیوں کو نالج بیسڈ بنانے کے سلسلے میں تیار کیے جانے والے پروگراموں اور اسی طرح نالج بیسڈ کمپنیوں کی سرگرمیوں کی بھی اس نمائش کے مختلف شعبوں میں تشریح کی گئی۔
اسٹیل انڈسٹری اور اس میدان میں نالج بیسڈ کمپنیوں کی صلاحیتوں اور اسی طرح تانبے جیسی معدنیاتی صنعتوں میں ان کی صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی اس نمائش کا ایک حصہ تھا۔

About خاکسار

Check Also

رفح پر صہیونی حملوں کے ساتھ عراقی مقاومت کے اسرائیل پر حملوں میں شدت

رفح پر صہیونی فورسز کی جانب سے باقاعدہ حملوں کا اعلان ہوتے ہی عراقی مقاومت …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے