Breaking News
Home / اخبار / آیۃ اللہ العظمی الحاج لطف اللہ صافی گلپایگانی کے انتقال پر تعزیتی پیغام
Ayatollah Seyyed Ali Khamenei

آیۃ اللہ العظمی الحاج لطف اللہ صافی گلپایگانی کے انتقال پر تعزیتی پیغام

رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایک پیغام جاری کرکے فقیہ اعلی مقام اور بابصیرت مرجع تقلید آیۃ اللہ العظمی الحاج شیخ لطف اللہ صافی گلپایگانی کے انتقال پر تعزیت پیش کی۔ تعزیتی پیغام کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

فقیہ عالی مقام اور بابصیرت مرجع تقلید آیۃ اللہ العظمی الحاج شیخ لطف اللہ صافی گلپایگانی رضوان اللہ علیہ کے انتقال کی افسوسناک خبر موصول ہوئی۔ وہ قم کے ‘حوزۂ علمیہ’ (اعلی دینی تعلیماتی مرکز) کے ستونوں اور علمی و عملی لحاظ سے اس مبارک مرکز کی سب سے نمایاں شخصیات اور سب سے پرانے علماء میں سے ایک تھے۔

موصوف، آیۃ اللہ بروجردی مرحوم کے زمانے میں اس عظیم الشان استاد کے سب سے ممتاز شاگردوں میں سے ایک، مرحوم آیۃ اللہ سید محمد رضا گلپایگانی کے زمانے میں ان کے ساتھی اور علمی مشیر اور تحریک انقلاب کے زمانے میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے معتمد افراد میں شمار ہوتے تھے۔

مرحوم برسوں تک، نگہبان کونسل میں، اس کے کلیدی رکن شمار ہوتے تھے اور اس کے بعد بھی ہمیشہ انقلاب اور ملک کے مسائل کے بارے میں ہمدردانہ اور ذمہ دارانہ طریقے سے اپنا موقف بیان کرتے تھے۔ اکثر اپنے نظریات اور مشوروں سے حقیر کو مطلع اور بہرہ مند کیا کرتے تھے۔

مرحوم کا شعری ذوق، تاریخی حافظہ، سماجی مسائل پر عبور، اس بزرگ اور عظیم عالم دین کی شخصیت کے کچھ اور پہلو تھے۔ ان کی وفات ملک کے علمی و دینی معاشرے کے لیے باعث افسوس اور اندوہ ہے۔

میں ان کے معزز اہل خانہ، ان کے محترم بچوں اور اسی طرح معزز مراجع تقلید، حوزۂ علمیہ کے علمائے کرام، ان کے مقلدوں اور چاہنے والوں بالخصوص قم اورگلپایگان میں ان کے عقیدت مندوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور مرحوم کے لیے خداوند عالم سے رحمت و مغفرت کی دعا کرتا ہوں۔

سید علی خامنہ ای

1 فروری 2022

About خاکسار

Check Also

رفح پر صہیونی حملوں کے ساتھ عراقی مقاومت کے اسرائیل پر حملوں میں شدت

رفح پر صہیونی فورسز کی جانب سے باقاعدہ حملوں کا اعلان ہوتے ہی عراقی مقاومت …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے