Breaking News
Home / اخبار / گندم میں روبیلا وائرس کی موجودگی، ترکی نے گندم کو واپس بھارت بھیج دیا

گندم میں روبیلا وائرس کی موجودگی، ترکی نے گندم کو واپس بھارت بھیج دیا

اہم ترین اسلامی ملک ترکی نے گندم میں ’روبیلا وائرس‘ کی مشتبہ موجودگی کے باعث 56 ہزار ٹن سے زائد کی گندم کو ملک پہنچنے پر واپس کردیا۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق ترکی نے بھارت سے 56 ہزار 877 ٹن گندم خریدی تھی اور بحری جہاز گندم کو لے کر ترکی کے ساحل پہنچا تھا مگر وہاں کے حکام نے بھارتی گندم کو ملک میں اتارنے سے انکار کردیا۔

رپورٹ کے مطابق ترک حکام نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارتی گندم میں ’روبیلا وائرس‘ کی موجودگی ہے۔

ترکی کے محکمہ زراعت اور صحت کے حکام نے گندم میں وائرس کی موجودگی کو جواز بنا کر پوری گندم کو واپس بھارت بھیج دیا اور کہا کہ کورونا کی وبا کے دور میں وہ مزید رسک نہیں لے سکتے۔

ترکی کی جانب سے ہزاروں ٹن خریدی گئی گندم کی واپسی اور اس میں ’روبیلا وائرس‘ کی موجودگی کے انکشاف کے بعد بھارتی کسانوں اور بیوپاریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور حکام بھی پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

فوری طور پر بھارتی حکام نے ترکی کے فیصلے پر کوئی رد عمل نہیں دیا، تاہم زرعی ماہرین نے اس خدشے کو رد نہیں کیا کہ گندم میں ’روبیلا وائرس‘ کی موجودگی نہیں ہو سکتی۔

زرعی ماہرین کے مطابق ’روبیلا وائرس‘ گندم کے فصل میں ہو سکتا ہے اور ممکنہ طور پر وائرس دانوں میں بھی پایا جا سکتا ہے۔

بھارتی زرعی ماہرین اور کسانوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر گندم میں ’روبیلا وائرس‘ کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تو کسانوں کو اربوں روپے کا نقصان ہو سکتا ہے اور بھارتی گندم کو کوئی بھی ملک نہیں خریدے گا اور نہ ہی ملکی سطح پر اسے استعمال کیا جا سکے گا۔

’روبیلا وائرس‘ ایک وائرل بخار ہے، یہ بیماری بچوں میں پائی جانے والی بیماری ’خسرہ‘ کی ایک قسم مانی جاتی ہے۔

اس بیماری کو جرمن خسرہ بھی کہا جاتا ہے، اس کی علامات میں گلے میں سوزش اور درد، ہلکا بخار، جسم میں درد، تھکاوٹ، آنکھوں کا سرخ یا گلابی ہوجانا اور چہرے سمیت جسم کے دیگر حصوں پر سرخ دانے نکلنا شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق عام طور پر ’روبیلا وائرس‘ یا بخار کچھ ہی دنوں میں دوائیاں لینے سے ٹھیک ہوجاتا ہے اور اس میں عام افراد اور بچوں میں شدید علامات ظاہر نہیں ہوتیں، تاہم اگر یہ شدید ہوجائے تو اچھا خاصا نقصان پہنچا سکتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ’روبیلا وائرس‘ کے شدید ہونے سے دماغ میں سوزش سمیت حاملہ خواتین کے متاثر ہونے سے پیٹ میں موجود بچے کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

About خاکسار

Check Also

تہران ٹائمز کی رپورٹ؛ ایران کی دور اندیش قیادت نے ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کر دیا

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی بصیرت نے اسلامی جمہوریہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے